بیجنگ،11 /اگست (آئی این ایس انڈیا)چین نے ہانگ کانگ کے امور کے حوالے سے انتہائی فاش ریکارڈ کے حامل 11 امریکی عہدیداروں کے خلاف پابندیاں عائد کردی ہیں۔ اس بات کا اعلان وزارت خارجہ کے ترجمان ژاو لی جیان نے پیر کو پریس بریفنگ کے دوران کیا۔ ژاو نے ان خیالات کا اظہار امریکی حکومت کی طرف سے چین کی مرکزی حکومت اور ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقہ (ایچ کے ایس اے آر) حکومت کے 11 عہدیداروں کے خلاف نام نہاد پابندیوں کے بارے میں چینی ردعمل کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کیا۔ امریکہ میں چین کے سفیر سوئی تھیان کھائی نے کہا ہے کہ چین امریکہ تعلقات انتہائی نازک صورتحال سے گزر رہے ہیں اور دونوں ممالک کو عوام اور پوری دنیا کے طویل المدتی مفادات کیلئے صحیح فیصلے کرنے ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار سوئی نے 2020 آسپین سکیورٹی فورم کے دوران آسپین سٹریٹجی گروپ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نکولس برنز اور این بی سی نیوز کے خارجہ امور کے نامہ نگار اینڈریامچل کے ساتھ چین۔ امریکہ تعلقات پر آن لائن انٹرویو میں بات چیت کرتے ہوئے کیا۔